Please Share Your Feedback In This Section.....







علم اور جہالت







علم اور جہالت
علم اور جہالت





 

علمِ دین نُور ہے جس کی روشنی میں دنیا و آخرت کا سفر بہترین انداز میں طے ہوتا ہے جبکہ جہالت ایک ناسُور ہے جو انسان سے قدم قدم پر غلطیاں کرواتا ہے جس کی وجہ سے اس کی آخرت تباہ ہوسکتی ہے۔ علمِ دین سے جتنی دوری ہوگی اسی قدر جہالت سے نزدیکی ہوگی۔ یاد رہے کہ خالی اپنا نام لکھ لینے یا لکھا ہوا پڑھ لینے سے جہالت کے اندھیرے دُور نہیں ہوجاتے بلکہ حقیقۃً پڑھا لکھا وہ ہے جو علمِ دین رکھتا ہو۔

 

جاہلوں کی قسمیں

جاہلوں کی بنیادی طور پر تین قسمیں ہوتی ہیں: ایک وہ جو جانتے ہیں کہ ہمیں دین کا علم نہیں ہے ایسے لوگ علمِ دین سیکھنے کے لئے بھی تیّار ہو جاتے ہیں اور مفتی یا عالِم دین سے  راہنمائی بھی لیتے رہتے ہیں۔

 

دوسرے وہ لوگ جنہیں یہ بھی احساس نہیں ہوتا کہ ہم جاہل ہیں، ایسے لوگ جہالت کے اندھیروں میں بھٹکتے رہتے ہیں علمِ دین سیکھنے کا بولا جائے تو انہیں گھبراہٹ ہونے لگتی ہے۔

 

تیسرے وہ لوگ جو جاہل ہوتے ہوئے بھی اس خوش فہمی میں رہتے ہیں ہم بھی دین کا علم رکھتے ہیں، ایسے لوگوں کو علمِ دین سکھایا جائے تو کہتے ہیں: "ہمیں نہ سکھاؤ، ہمیں آتا ہے۔

 

اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے والے لوگ

 

اسلام نے زندگی کے ہر معامَلے کے لئے راہنمائی کی ہے، ایک مسلمان کو عبادت کے ساتھ ساتھ اپنے گھر بار، کاروبار، شادی بیاہ، غمی خوشی، رہن سہن، کھانے پینے، بولنے سننے وغیرہ کے معامَلات بھی شرعی احکام کے مطابق انجام دینا ضروری ہیں مگر افسوس! اب ایسا نازک دور آیا کہ اوّل تو لوگ کوئی کام کرنے سے پہلے اس کے بارے میں حکمِ شریعت معلوم کرنے کی زحمت گوارا نہیں کرتے اور اگر معلوم کر بھی لیں تو اس شرعی حکم پر عمل کرنے کا جذبہ نہیں ہوتا۔ پھر عوام میں ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو مفتی یا عالم سے معلومات حاصل کرنے کے بجائے غلط مسائل بتاتا ہے، یوں خود بھی ڈوبتا ہے اور دوسروں کو بھی لے ڈوبتا ہے، پھر اگر وہ بدنصیب "لِبرلزیعنی مادر پِدر آزادی چاہنے والوں)" میں سے ہوتو اس کے منہ سے اس طرح کے کلمات بھی سنائی دیں گے: ان مولویوں کو کیا پتا؟ انہیں دین کی کیا خبر؟ مولاناؤں کی باتوں پر عمل کیا تو ہم ترقّی نہیں کرسکیں گے! یہ ہمیں پتّھر کے دور میں واپس لے جانا چاہتے ہیں وغیرہ وغیرہ۔

 

جس کا کام اسی کو ساجھے

 

عربی زبان کا محاورہ ہے: لِکُلِّ فَنٍّ رِجَالٌ (یعنی ہر کام کے لئے ماہرین ہوتے ہیں۔) یہی بات اردو میں یوں مشہور ہے: "جس کا کام اُسی کو ساجھے"، شاید کبھی آپ نے دیکھا ہو کہ اچّھا بھلا سمجھدار آدمی بھی میڈیکل چیک اپ کرواتے وقت عجیب حرکتیں کرنے لگتا ہے، ڈاکٹر کے ایک اِشارے پر پورا منہ کھول کر دانت، زبان اور گلا اندر تک دکھاتا ہے، ڈاکٹر سینے یا کمر پر اسٹیتھوسکوپرکھ کر تیز تیز سانس لینے کا بولے تو یہ پوری فرمانبرداری سے عمل کرتا ہے چاہے اس وقت دَمے (سانس کی بیماری) کا مریض کیوں نہ لگ رہا ہو

 

بازو اوپر کرو، گردن گھماؤ، سیدھے کھڑا ہو جاؤ، تھوڑا چل کر دکھاؤ، جھک کر دکھاؤ، ڈاکٹر جتنی فرمائشیں کرے مریض کسی غلام کی طرح فوراً پوری کرتا ہے، ایسے شخص سے اگر پوچھا جائے کہ یہ سب حرکتیں کیوں کر رہے ہوتو جواب ملے گا کہ جناب! ڈاکٹر کے کہنے پر، یہ اس کا شعبہ ہے کیونکہ وہ میڈیکل پڑھا ہوا ہے۔

 

کوئی مریض ڈاکٹر کو یہ جواب نہیں دیتا کہ جناب تھوڑا بہت میں بھی میڈیکل جانتا ہوں، بخار بھی چیک کرلیتا ہوں یا کوئی یوں بولتا ہو کہ ڈاکٹروں کو میڈیکل کی کیا سمجھ! خوامخواہ اچّھے بھلے بندے کو بستر پر لٹا دیتے ہیں، کڑوی اور مہنگی دوائیاں وہ بھی کئی کئی دن تک کھانے کا بولتے ہیں مگر آہ! جب بات مفتی صاحب یا عالمِ دین کی آتی ہے تو یہی حق اس کو دینے کو تیّار نہیں ہوتے کہ جناب آپ دین کا علم رکھتے ہیں آپ جو کہیں گے اُسی پر عمل کروں گا، یہاں تو بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ اگر شرعی مسئلہ اپنی خواہش کے مطابق نکلا تو ٹھیک! اور اگر اپنے مفاد کو نقصان پہنچتا ہو تو علمائے کرام کو بُرا بھلا تک کہہ ڈالتے ہیں کہ یہ غلط مسئلے بتاتے ہیں۔

 

علمائے کرام کی عزّت کرنا سیکھیں

 

دنیا میں اس وقت کئی مَذاہِب کے پیروکار موجود ہیں، جو باطل ہوتے ہوئے بھی اپنے مذہبی پیشواؤں کے خلاف نہ خود بولتے ہیں نہ کسی اور کو بولنے دیتے ہیں بعض تو لڑنے مرنے پر تیّار ہو جاتے ہیں، جبکہ دوسری طرف مخصوص ذہنیت کے لوگ ہیں جو خود علمائے اسلام کی عزّت نہیں کرتے اور ان کے خلاف بولنے سے نہیں جھجکتے، وہ دوسروں کو اپنے مذہبی پیشواؤں کی بے ادبی اور بے حُرمتی کرنے سے کیا روکیں گے